ہم شہدائے فلسطین اور تحریک آزادی بیت المقدس کے عظیم شہداء سے عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کی راہ کو ان کے مشن کو اور تحریک آزادی بیت المقدس کو آگے بڑھائیں گے،علامہ مقصود ڈومکی

29 مارچ 2025

وحدت نیوز(جیکب آباد)عالمی یوم القدس پر رہبر کبیر آیت اللہ خمینی رح کے فرمان پر پوری دنیا کی طرح جیکب آباد میں بھی القدس ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کرتے ہوئے شہدائے بیت المقدس سے تجدید عہد کیا گیا۔ بچوں اور بزرگوں سمیت عوام کی بڑی تعداد یوم القدس کی ریلی میں شریک ہوئی اور فلسطینی عوام سے مشکل کی اس گھڑی میں یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے فلسطین کے پرچم، شہید حسن نصراللہ، یحییٰ سنوار اور دیگر شہداء کی تصادیر اور مختلف پلے کارڈز اٹھائے تھے۔ جبکہ اسرائیل اور امریکہ کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین نے فلسطین پر جاری بربریت کی مذمت کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، ڈویژنل صدر وحدت یوتھ سید کامران علی شاہ، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے ضلعی صدر عاشق حسین پٹھان، جعفریہ الائنس کے ڈویژنل صدر وزیر علی مشہدی، آئی ایس او کے ضلعی جنرل سیکرٹری بلاول علی ڈومکی اور انصاف اسٹوڈنٹس کے ضلعی صدر سمیر علی نے خطاب مظاہرین سے کیا۔

القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہم شہدائے فلسطین اور تحریک آزادی بیت المقدس کے عظیم شہداء سے عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کی راہ کو ان کے مشن کو اور تحریک آزادی بیت المقدس کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج حماس حزب اللہ انصار اللہ یمن فلسطین کے لئے میدان میں لڑ رہی ہے، مگر امارت اسلامیہ افغانستان اور طالبان کے امیر کیوں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف ایک لفظ تک بولنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ جبکہ فلسطین میں 50 ہزار سنی مسلمان ذبح ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب، مصر اور اردن آج کیوں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ شریک جرم ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید کامران علی شاہ نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنائی اور رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نکلے ہیں۔ عاشق حسین پٹھان نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ زوار وزیر علی مشہدی نے کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نذیر حسین جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ پاکستان کے عوام دو ریاستی حل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ فلسطین پورے کا پورا فلسطینیوں کا ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree