Print this page

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کی وحدت ہائوس اسلام آباد میں ناصرشیرازی سے ملاقات

17 نومبر 2016

وحدت نیوز (اسلام آباد) قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سید ناصر شیرازی سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔جو نادیدہ قوتیں ضرب عضب کو ناکام بنانا چاہتے ہیں ان کوسوائے ناکامی کے اور کچھ نہیں ملے گا۔پاک چین اقتصادی راہدری پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔کچھ عالمی طاقتیں اور خلیجی ممالک سی پیک کی تعمیر کو اپنے مفادات پر کاری ضرب تصور کرتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ اس اہم منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ہمارے پڑوسی ملک بھارت کا اس میں انتہائی گھناؤنا کردار ہے۔ وہ بلوچستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں مصروف ہیں تا کہ یہ معاملہ کھٹائی میں پڑا رہے۔ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور فوج کی اعلی قیادت پورے عزم ،جرات اور ولولے کے ساتھ سی پیک کی تکمیل کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں جو لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کا عملی آغاز ملکی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔سی پیک منصوبے میں گلگت بلتسان کے عوام کو نظر اندازکرنے کی کوشش اس کی افادیت کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اس اکثریت آبادی کے لیے مایوسی کا باعث بنے گی جن کا تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک اہم اور نمایاں کردار رہا ہے۔دہشت گردی کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد کے ذریعے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا سکتا ہے۔دہشت گردوں عناصر کی پشت پناہی ملک کی کالعدم مذہبی جماعتیں کر رہی ہیں۔جب تک ان سہولت کاروں کے خلاف کاروائی نہیں کی جاتی تب تک امن و امان کا قیام ممکن نہیں اوراس پر ملک کی تمام معتدل اور ہم خیال قوتوں کا موقف بالکل واضح اور شفاف ہے ۔فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد و اخوت کے لیے اس جماعت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔اپنے حقوق کی لیے انہوں نے ہمیشہ آئین و قانون اوراقدار کی پاسداری کی۔انہوں نے قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری کی ہمشیرہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت کا بھی اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی ۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree