Print this page

نریندر مودی کی رگوں میں پاکستان دشمنی سرایت کر چکی ہے، علامہ ناصر عباس کا یوم یکجہتی کشمیر پر خصوصی پیغام

04 فروری 2018

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس پر کسی بھی ملک کو ہاتھ ڈالنے کی قطعاََ اجازت نہیں دی جائے گی۔ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھرمی اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر اقوام عالم کی خاموشی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ ان نام نہاد انسانی حقوق کے عالمی ٹھکیداروں کو مسلمانوں کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی فوج کی بربریت سے دنیا کی نظریں ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کرانے کے لیے عالمی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہو گا جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں نکلتا تب تک پورے خطے کی سلامتی کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہے گا۔ ہندوستانی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے ذریعے حق خود ارادیت کی آواز کو دبانا کی کوششوں میں مصروف ہے۔ بنیادی حقوق کے اس استحصال پر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندد مودی کی رگوں میں پاکستان دشمنی سرایت کر چکی ہے۔ پاکستان کے خلاف لغوا ور بےبنیاد پروپیگنڈہ کے ذریعے اقوام عالم کو گمراہ کرنے کی خواہش وہ کبھی پوری نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز سے اٹھایا جائے اور کشمیریوں کی آواز کو ان تک پہنچایا جائے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree