Print this page

گلگت بلتستان کے باشعور عوام مداریوں اور لیٹروں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے،علامہ راجہ ناصرعباس

09 نومبر 2020

وحدت نیوز(کھرمنگ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کھرمنگ حلقہ 5 میں ایم ڈبلیو ایم کے حمایت یافتہ اور تحریک انصاف کے امیدوار امجد عباس زیدی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو سیاسی جماعتیں جی بی کے آئینی صوبہ بننے کی مخالفت کر رہی ہیں خطے کے عوام ووٹ کی طاقت سے انہیں منہ توڑ جواب دیں گے۔یہاں کے باشعور عوام مداریوں اور لیٹروں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔مجلس وحدت مسلمین عوام کی خدمت کے ساتھ میدان میں نکلی ہے۔

خطے کے عوام کی جدید طبی، تعلیمی اور دیگر سہولیات کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے آخری دم تک جدوجہد جاری رہے گی۔ تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی اتحاد کا مقصد خطے کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔گلگت بلتستان کو آئینی صوبے کی حیثیت حاصل ہونے سے یہاں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین زبانی دعووں کی بجائے عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔کسی بھی سنگین صورتحال اور اہم ایشوز پر میدان عمل میں ہماری موجودگی ہمارے اس دعوے کی تائید میں دلیل ہے۔تحریک انصاف کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے اور عوام کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل کے اعتبار سے ایک مالامال خطہ ہے۔اگر ماضی کی حکومتیں خطے کی ترقی کے لیے مخلصانہ تگ و دو کرتیں تو آج یہاں کے عوام کے حالات مختلف ہوتے۔تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کا اتحاد علاقے کی ترقی و استحکام اور عوام کی فلاح وبہبود سے مشروط ہے۔عوام سے کیے گئے وعدوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا۔

جلسے سے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی، علامہ اعجاز بہشتی، شیخ اکبر رجائی اور علی احمد نوری سمیت متعدد مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree