15 نومبر کوگلگت بلتستان کے آئینی صوبے کی راہ میں رکاوٹ بننے والی سیاسی جماعتوں کو عوام مسترد کر یں گے، علامہ راجہ ناصرعباس

11 نومبر 2020

وحدت نیوز(سکردو)گمبہ سکردو حلقہ 2 سے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار میثم کاظم کے انتخابی جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔جلسے سے وفاقی وزراء علی امین گنڈا پور، مراد سعید، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسدعباس نقوی، آغا علی رضوی، سابق وزیر قانون بلوچستان آغا سید رضا سمیت دیگر نامور مذہبی وسیاسی شخصیات نے خطاب کیا۔

 وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جی بی کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ترجیحات کا حصہ ہیں۔ اب کسی کو ان پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا گلگت بلتستان میں برسراقتدار آکر علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔وزیر اعظم کی طرف سے آئینی صوبے کا اعلان عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے۔آئندہ بھی یہاں کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پی ٹی آئی کے وزراء اور مرکزی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین آج گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے میدان عمل میں موجود ہے۔ایک وقت تھا ہمارے نوجوانوں کی یہاں سے لاشیں اٹھتی تھی اور ہر طرف سکوت تھا۔اس ظلم و بربریت کےخلاف ہم نے ہر سطح پر آواز بلند کی ہے۔پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے یہاں کے عوام کو سوائے مایوسی کے اور کچھ نہیں دیا۔گلگت بلتستان کے آئینی صوبے کی راہ میں رکاوٹ بننے والی سیاسی جماعتوں کو عوام مسترد کر یں گے۔15 نومبر کو وہ طاقتیں رسوا ہوں گی جو پاک فوج کے خلاف ملک دشمنوں کی زبان بولتی ہیں۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ آج کا عظیم الشان اجتماع اس حلقے سے ہماری فتح کی دلیل ہے۔عوام نے ہمارے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔بلاول زرداری کا دھاندلی کا واویلا ثابت کرتا کہ پی پی پی نے اپنی شکست قبول کرلی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام کابنیادی آئینی صوبے کا اولین مطالبہ پی پی پی اور ن لیگ نے کیوں پورا نہیں کیا؟؟؟پی پی پی اور ن لیگ نے آج تک صحت ، پانی ، سڑکوں کی سہولیات گلگت بلتستان کے عوام کو فراہم نہیں کی۔بلاول زرداری کو شکست کا خوف نہیں بلکہ کرتوتوں کا ڈر ہے۔عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔سی پیک کا آغاز گلگت بلتستان سے ہوگا اور یہاں کے عوام کو اس میں بھرپور حصہ ملے گا۔

انہوں نے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں بہترین شاہراہوں اورہائی ویز کی تعمیر کا جلد آغاز ہوگا۔گلگت بلتستان میں روزگاراور کاروبار کے شاندار اور یکساں مواقع سب کو میسر ہوں گے۔ہرشہری کو بنیادی طبی سہولیات کی بہترین فراہمی کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کا اعلان کردیا ہے۔سندھ کو لوٹنے والے اب گلگت بلتستان پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کے بڑے منصوبوں کا آغاز جلد گلگت بلتستان میں ہوگا۔گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے 46ارب کے فنڈز سابق صوبائی حکومت کو فراہم کیئے ان سب کا حساب 15 نومبر کے بعد لیں گے۔اسرائیل نواز این جی اوز نے عمران خان کے خلاف محاذ گرم کررکھا ہے کیوں کہ عمران خان نے اقوام عالم کے سامنے امت مسلمہ کی درست ترجمانی کی ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری نے گلگت بلتستان میں دس مقامات پر ٹورزم زون بنانے اور پی سی بھوربن طرز کے ہوٹل کے قیام کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے ضرور پورے کئے جائیں گے۔بلاول بھٹو گلگت بلتستان کے آئینی صوبے بنانے کا سب سے زیادہ مخالف ہیں۔ وہ یہاں کے عوام کو بند گلی میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ لاڑکانہ کی حالت زار کو نا سدھارنے والے گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر کو نہیں بدل سکتے۔آئندہ چھ ماہ کے اندر اس خطے میں ڈیرھ سو انٹرنیٹ ٹاورز لگائے جائیں گے۔یہاں کے نوجوانوں کو بیرون ممالک روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔کرکٹ ، فٹبال اور ہاکی کےسٹیڈیم،میوزیم اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز بنانے کا بھی فیصلہ کیا جا چکا ہے۔بلاول کی جانب سے دھاندلی کا شور اس کی شکست کی دلیل ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree