Print this page

تمام خرابیوں کی جڑ اقتدار کی ہوس پر مبنی سیاست ہے، عمران خان پاور پالیٹکس کے خلاف ہیں، اسی لیے وہ آج جیل میں ہیں،سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس

27 فروری 2025

وحدت نیوز(اسلام آباد) اپوزیشن اتحادتحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک میں تمام خرابیوں کی جڑ اقتدار کی سیاست ہے، کچھ لوگ ہر حال میں اقتدار کو اپنے پاس رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں اور اسی طاقت کی سیاست نے ملک کو بحرانوں میں مبتلا کر دیا ہے، عمران خان پاور پالیٹکس کے خلاف ہیں، اسی لیے وہ آج جیل میں ہیں، اگر ملک میں انصاف ہوتا اور اصولوں کی حکمرانی ہوتی تو وہ جیل میں نہ ہوتے، ہمیں آئین کی پاسداری پر یقین ہے، ہم محب وطن ہیں اور ملک کی سلامتی اور استحکام کے حامی ہیں، لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگ آئین کی دھجیاں اڑا کر اپنی من مانی کرنا چاہتے ہیں، جو خود آئین کو تسلیم نہیں کرتے، وہ ہمیں آئین شکن قرار دے رہے ہیں، اگر ملک میں اصلاحات پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تو ہم اس جبر کو قبول نہیں کریں گے، ایسی قوتوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے جو پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور یہ رویہ ملک کے مستقبل کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے پاک فوج کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئےکہا ہے کہ ہم اپنی افواج کے خلاف بات نہیں کرتے کیونکہ ہماری فوج پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے، جو کوئی پاک فوج کے خلاف بات کرتا ہے یا اس کے خاتمے کی بات کرتا ہے وہ درحقیقت ملک دشمن ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہر ادارے کی اپنی ذمہ داری ہے اور ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر ملک کی خدمت کرنی چاہیے، ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔ پاکستان ہماری پہچان ہے، ہمارا فخر ہے اور ہم اس کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ اصولوں کی سیاست کو فروغ دیا جائے اور اقتدار کی ہوس پر مبنی پالیسیوں کو ترک کیا جائے۔

گرین ٹورزم کے نام پر گلگت بلتستان کی عوامی ملکیتی زمینوں پر قبضے کیئے جارہے ہیں، وہاں کی معدنیات پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش ہورہی ، محب وطن علماء وشخصیات کو شیڈول فور میں ڈالا جارہا ہے، ضلع کرم میں ۵ماہ سے زائد کا عرصہ ہوگیا محاصرہ ختم نہیں کروایا جاسکا،رمضان کی آمد ہے اشیائے خورد ونوش ختم ہوچکی ہیں، پیڑول اور ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، سینکڑوں اوورسیز پاراچناری شہریوں کے ویزے ختم ہوچکے ہیں، ہمارے سب سے زیادہ ووٹ لیکر منتخب ہونے والے تحصیل میئر مزمل فصیح کو دہشت گردی کی دفعات کی تحت جیل میں ڈالا گیا ہے اس کا قصور یہ تھا کہ وہ بلاتفریق عوام کی خدمت کرتا تھا یتیموں کو راشش اور کھانا دیتا تھا۔

ہماری بیٹی ماہرنگ بلوچ اسلام آباد آئی اسے جیل میں ڈالا گیا ، یہ کیسی ریاست ہے ؟؟ جہاں ہزاروں لوگ مسننگ ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ریاستیں قانون کی عمل داری کے بغیر نہیں چلتیں، آپ کو اپنی آئینی دائرے میں جانا ہوگا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree