وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صدر آغا سید علی رضوی نے بلتستان کے تین علمائے کرام کی رمدان بارڈر پر جبری گمشدگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور فوراً سربراہ مجلس وحدت مسلمین، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے رابطہ کر کے معاملے کی سنگینی پر گفتگو کی۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے اس غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور علمائے کرام کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مزید برآں، مجلس وحدت مسلمین کے رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین کو وزیر داخلہ سمیت دیگر متعلقہ ذمہ داران سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
الحمدللہ، ان کاوشوں کے نتیجے میں علمائےکرام کی رہائی عمل میں آئی ہے، جو انصاف کی جیت اور قانون کی بالادستی کا مظہر ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس طرح کے غیر قانونی اقدامات سے گریز کریں گے اور ملک میں آئین و قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے۔
ملت جعفریہ پاکستان کی سب سے زیادہ منظم، ذمہ دار، امن پسند اور محب وطن شہری ہے۔ ہم بانیانِ پاکستان کی اولادیں ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ ملت جعفریہ نے ہمیشہ ملکی سلامتی و استحکام کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھا ہے۔ ہم ہر حال میں ملک کے آئین و قانون کا احترام کرتے ہیں اور تمام اداروں سے بھی اسی رویے کی توقع رکھتے ہیں۔