وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےشب قدر کے بابرکت اور پرنور موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ شبِ قدر، رمضان المبارک کی سب سے بابرکت رات ہے جسے اللہ تعالیٰ نے ہزار مہینوں سے بہتر قرار دیا ہے۔ یہ وہ رات ہے جس میں قرآنِ مجید کا نزول ہوا اور اللہ کے حکم سے فرشتے زمین پر نازل ہوتے ہیں، رحمتوں اور برکتوں کے دروازے کھل جاتے ہیں، اور ہر دعا قبول کی جاتی ہے۔
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
“شبِ قدر (فضیلت میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔” (سورۃ القدر)
یہ رات گناہوں کی مغفرت، رحمتوں کے نزول اور دعاؤں کی قبولیت کی رات ہے۔ جو شخص اس رات عبادت، توبہ، استغفار اور دعا میں گزارے، اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔
آئیے! اس عظیم رات میں دل سے توبہ کریں، اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، اپنے لیے، اپنے والدین کے لیے اور امتِ مسلمہ کے لیے دعائیں کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس رات کی قدر کرنے اور اس کی برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔
“اللّٰہم اِنّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ العَفوَ فَاعفُ عَنّی”
اللہ تعالیٰ ہم سب کو شبِ قدر کی برکتیں نصیب فرمائے۔ الہی آمین