Print this page

بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مہنگی قیمتوں کے ذریعے حکومت عوام کے صبر کا امتحان لے رہی ہے،علامہ علی حسنین حسینی

20 اگست 2024

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مہنگی قیمتوں کے ذریعے حکومت عوام کے صبر کا امتحان لے رہی ہے۔ عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین نے کہا کہ حکومت وقت بجلی مہنگی اور بلوں پر ٹیکسز لگا کر عوام الناس کا امتحان لے رہی ہے۔ بے حسی کی انتہاء ہے کہ بجلی کا بل گھروں کے کرایوں سے بھی زیادہ آنے لگا ہے۔ غریب پاکستانی عوام پہلے ہی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور معاشی تباہی کی سزا بھگت رہے ہیں، جس پر انہیں بجلی کی بھاری بھرکم بلوں کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔ عوام الناس بجلی کے بل ادا کرتے کرتے اپنے گھر کا ساز و سامان بھی فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جبکہ بے حس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔ بلکہ حکمرانوں اور اشرافیہ کی شاہ خرچیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ افسران اور حکمرانوں کو حکومت کی جانب سے مراعات مل جاتے ہیں، جبکہ عوام الناس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ہمارے جمہوری نظام میں جمہور کا خون چوسنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑی گئی ہے۔ ہر طرف سے عوام پر ٹیکسز کے نیزے برسائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے بھی روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ مہنگے بل ادا کرنے کے باوجود عوام الناس کو بجلی فراہم نہیں کی جاتی ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام الناس پریشان ہیں۔ جس پر ادارے سے کوئی سوال کرنے والا نہیں ہے۔ حکومت نے جواب دہی کو مضبوط کرنے کے لئے نظام نہیں بنایا، جبکہ عوام الناس شکایات اور احتجاجوں سے تھک چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے، جبکہ وفاقی حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے عوام الناس کو ریلیف فراہم کرے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree