Print this page

ملکی سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، آغا علی رضوی کا کمانڈرایف سی این اے سے ملاقات میں عزم

14 مارچ 2019

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد علی نوری نے وفد کے ہمراہ کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل احسان محمود خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان افواج کے اہم سربراہان موجود تھے۔ ملاقات میں آغا علی رضوی نے علاقائی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حال ہی میں پاک بھارت کشیدگی کے موقع پر پاکستان آرمی کی زمینی، فضائی، انٹیلی جنس اور میڈیا وار میں واضح برتری اور بہترین حکمت عملی پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے گلگت بلتستان کا ہر فرد پاکستان آرمی کے پشت پر ہے۔ جی بی کے عوام کی رگوں میں جذبہ حب الوطنی اور فدا کاری کوٹ کوٹ کر ہے۔ عوامی کا جذبہ حب الوطنی کسی خوف، ڈر یا مفادات کی وجہ سے نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ نظریاتی بنیاد پر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ستر سالوں میں ملک کے حکمرانوں اور اداروں نے یہاں کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے، عوام کو حقوق دلانے اور خطے کو استحکام کی راہ پر گامزن کرانے کے لیے کبھی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھائے۔ یہاں کے عوام کے حب الوطنی کا صلہ مایوسی اور محرومی کی صورت میں دی گئی۔ ہم پاکستان کا آئینی حصہ بنانے کے لیے جدوجہد کسی صورت جاری رکھیں گے۔ گلگت بلتستان کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ مضبوط اور مستحکم گلگت بلتستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت بن سکتا ہے۔ سیاسی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ ملکی سالمیت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں جی بی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرانے اور یہاں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے پاکستان آرمی صف اول میں ہوگی۔ گلگت اسکردو روڈ کی معیاری اور بروقت تعمیر، سی پیک میں حصہ، تعلیمی مسائل، صحت کے مسائل، ترقیاتی مسائل، توانائی کے مسائل اور دیگر عوامی مسائل کو حل کرنے میں پاکستان آرمی بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر کمانڈر ایف سی این اےنے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کا فخر ہے۔ یہاں کے عوام نے ہر محاذ پر پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ یہاں کے جذبہ حب الوطنی کی معترف ساری دنیا ہے۔ ملکی استحکام و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دنیا نے پاکستان آرمی کی طاقت و حکمت کا اعتراف کرلیا ہے۔ پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر جنگ عوام کے شانہ بشانہ لڑی جائے گی۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پاکستان آرمی کا کردار صف اول کا ہوگا۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree