Print this page

انتخابات میں بھرپورسپورٹ، ایم ڈبلیوایم کے سابق امیدوار ڈاکٹرمشتاق حکیمی کا روندو تھوارکے عوام سے اظہار تشکر

05 دسمبر 2020

وحدت نیوز (روندو) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور مرکزی تربیتی کونسل کے رکن ڈاکٹر مشتاق حسین حکیمی الیکشن میں ساتھ دینے پر روندو عوام کا شکریہ ادا کرنے روندو تھوار پہنچ گئے جہاں آپ نے روندو عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام کو الیکشن کی کدورتیں چھوڑ کر محبت و بھائی چارے سے رہنے اور علاقے کی ترقی کے لیے کام کرنے پر زور دیا۔آپ نے نماز جمعہ کے اجتماع میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس پارٹی کو ووٹ دیا ہے اسی پارٹی اور نمائندے سے علاقے کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر زور دیں۔

ڈاکٹر صاحب نے روندو کے منتخب نمائندے راجہ ناصر عبداللہ اور انکے ووٹرز اور سپورٹرز کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ راجہ ناصر صاحب اب روندو کی پوری عوام کے نمائندہ ہیں اور امید ہے کہ راجہ صاحب بلاتفریق روندو بھر کے عوام کا سوچیں گے اور روندو کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

ڈاکٹرمشتاق حکیمی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روندو سے الیکشن لڑنے والے باقی امیدوار بھی روندو کی خوشحالی کے لیے راجہ صاحب کا ساتھ دیں اور بوقت ضرورت مضبوط اپوزیشن کا کردار بھی ادا کریں۔آپ نے کہا مجلس وحدت مسلمین کا پلیٹ فارم علامہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ان شاءاللہ روندو کی عوام کے ہر دکھ درد میں شریک رہے گا اور ہم جی بی کے ہر ایشو پر آغا علی رضوی کی قیادت میں پیش پیش رہیں گے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree