وحدت نیوز (نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی نے سانحہ بھکر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی پولیس اور مقامی انتظامیہ کرتی ہے جس کے باعث اُنہیں کھل کر وارداتیں کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نجف اشرف میں مجلس وحدت مسلمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علامہ شہزادالحسینی، شیخ قیصر عباس سمیت دیگر موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق علامہ سید مہدی نجفی نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے ایک بار پھر جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کو کھلی چھٹی دی جارہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھکر کا واقعہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا جس میں پولیس کی سرپرستی میں دہشتگردوں کو فری ہینڈ دیا گیا کہ وہ مرضی سے علاقے کے امن کو نقصان پہنچائیں۔