وحدت نیوز(مشہد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ شبیر بخاری اور برطانیہ میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ غلام حر شبیری نے مشہد مقدس میں واقع مجلس وحدت مسلمین کے دفتر کا دورہ کیا۔ سیکرٹری جنرل مشہد مقدس حجتہ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے مہمانوں کا استقبال کیا اور دفتر کی فعالیت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر علامہ غلام حر شبیری نے پاراچنار کے علاقے تری منگل میں ہونے والے دہشتگردانہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر ایک بار ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینا چاہتے ہیں، پاراچنار سے تعلق رکھنے والے قبائل محب وطن ہیں، اُنہوں نے ہمیشہ ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
علامہ غلام حر شبیری نے کہا کہ علما کو جوانوں پر بھر توجہ دینی چاہیے اور جدید دور کے چیلینجز کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو آمادہ کرنا چاہیے، تبلیغ دین مبین کے لئے یہاں کے وسائل سے استفادہ اور بہتریں اساتذہ کی روش کو اپنا کر خدمت کرنی چاہیے۔ مسئول شعبہ مشہد مقدس حجة الاسلام عقیل حسین خان نے بزرگ علما کے دفتر تشریف لانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حجةالاسلام عارف حسین، حجة الاسلام سید منور نقوی، عباس خان، شوکت علوی، ناظم جعفری اور دیگر موجود تھے۔ نشست کے اختتام پر شہدائے اسلام، پاکستان اور بالخصوص شہدائے تری منگل کی بلندی درجات اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔