وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے سربراہ اور ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے صدر مولانا شیخ محمد حسن صلاح الدین نجفی نے کہا کہ حکومت سندھ مذہبی اجتماعات، مجالس اور ماتمی جلوسوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں کیونکہ ملک دشمن عناصر یہاں بد امنی پھیلا کر فتنہ و فساد کی سازشیں کررہے ہیں، جس کے لئے ضروری ہے کہ حکومت عوام اور سیکیورٹی ادارے مل کر ان عناصر کی سرکوبی کریں اور اس مقدس مہینے میں جس میں شہداء کربلاء کی قربانیوں کو یاد کیا جاتا ہے، امن و اتحاد اور وحدت کا عملی مظاہرہ کریں کیونکہ کربلا والوں نے صبر و تحمل اور برداشت کا درس دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزاداران امام حسین ؑ کو امن کے قیام وحدت اور ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا اور شرپسندوں پر نگاہ رکھنی ہوگی۔ انہوں نے علماء و ذاکرین سے بھی کہا کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا درس دیں اور ان مقدس ایام کی حرمت کا بھرپور خیال رکھا جائے، مجالس اور جلوسوں میں بھرپور شرکت کی جائے اور کوشش کی جائے کہ کسی بھی قسم کی شرپسندی نہ ہو اور پر امن طریقے سے عزاداری امام حسین ؑ برپا ہو۔