وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے ایم ڈبلیوایم پنجاب سیکریٹریٹ میں علامہ سید شفقت شیرازی، علامہ ابوذر مہدوی،علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ اقبال کامرانی، علامہ امتیاز کاظمی اور علامہ حسن رضا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے روٹی کا نوالہ چھینا جا رہا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کا احتجاج اور دھرنا جاری ہے، لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی، اس لئے مجلس وحدت مسلمین نے فیصلہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ملک گیر مظاہرے کئے جائیں، تاکہ بے حس حکمرانوں تک گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کی آواز پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گندم کی سبسڈی بحال کرے۔ حکومت کی عوام دشمنی افسوسناک ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔
سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی خوشی سے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا اور وہ پاکستان کے شہری ہیں، لیکن حکومت نے اس سرزمین کو جہاں بے آئین رکھ کر ان کا استحصال کیا، وہیں اب گندم کی سبسڈی ختم کرکے وہاں بغاوت پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا حکمران اس بات سے لاعلم ہیں کہ ان کے اس فیصلے کے کتنے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا ایجنڈا ہے، جس کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو بھوک و افلاس کا شکار کرکے انہیں بغاوت پر اکسایا جا رہا ہے، تاکہ وہاں بدامنی پیدا ہو اور پاک چین دوستی متاثر ہو، رہنمائوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک گیر مظاہرے کرے گی اور ان میں گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔