وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دارالعلوم حقانیہ میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے المناک دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں اتحادِ بین المسلمین کے داعی مولانا حامد الحق سمیت چھ نمازی شہید ہوئے ہیں، یہ سانحہ پوری قوم کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے اور ہر محبِ وطن پاکستانی اس غم میں برابر کا شریک ہے، مولانا حامد الحق شہید نے ہمیشہ امتِ مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے کام کیا اور ملت کو جوڑنے کی جدوجہد میں مصروف رہے، دشمن جانتا ہے کہ جہاں سے وحدت و اخوت کا پیغام بلند ہوتا ہے وہیں پر وار کرنا ہے تاکہ امت کو تقسیم کیا جا سکے لیکن ہم بحیثیتِ قوم، اس چال کو ناکام بنائیں گے اور ہر قسم کی فرقہ واریت اور انتشار کے خلاف متحد رہیں گے، اس المناک سانحے پر دارالعلوم حقانیہ کے ذمہ داران، شہداء کے اہلِ خانہ اور پوری امتِ مسلمہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
اللّٰہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملّی وحدت کو مضبوط کرنے کا ہے، جس سے ملک دشمن عناصر کو ایک واضح اور مضبوط پیغام جائے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہمیں ایک قوم بننا ہو گا اور اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے، اپنے ماضی سے سیکھنا ہو گا اور دشمن کے عزائم کو پہچان کر اسے ناکام بنانا ہو گا کہ اتحاد ہی ہماری اصل قوت وطاقت ہے اور اسی کے ذریعے ہی ہم ایک مضبوط اور پُرامن پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، اللہ رب العزت پاکستان کی حفاظت فرمائے اور ہمیں ہر فتنے سے محفوظ رکھے۔