Print this page

تحریک منہاج القرآن اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان اتحاد اور اخوت کا مقصد ملک کے اندر فرقہ واریت اور نفرتوں کا خاتمہ اور اتحاد بین المسلمین کا فروغ ہے ، علامہ مقصودڈومکی

21 دسمبر 2020

وحدت نیوز(جیکب آباد)تحریک منہاج القرآن ضلع جیکب آباد کے زیراہتمام جوبلی ہال میں عظمت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کی صدارت تحریک منہاج القرآن صوبہ سندھ کے صدر مخدوم پیر نوید احمد ہاشمی نے کی جبکہ کانفرنس کے مہمان خاص مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی اور حضرت پیر سید عبدالرحمن شاہ جیلانی سجادہ نشین درگاہ شہباز پور شریف تھے۔

کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ وقاص علی خالد نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں آیت تطہیر اور آیت مباہلہ نازل ہوئی جو آپ کے عظیم مرتبے کی دلیل ہے سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ کے احترام میں کھڑے ہو جاتے اور آپ سے فرماتے کہ اے فاطمہ میرے ماں باپ آپ پر قربان ہو جائیں۔

 انہوں نے کہا کہ حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو خطاکار کہنے والے ہیں خود خطا پر ہیں۔ کیونکہ آل نبی کا گھرانہ خطا والا نہیں بلکہ عطا والا گھرانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حدیث ثقلین کی روشنی میں حضور سید الانبیاء نے اپنے بعد قرآن اور اہل بیت کو چھوڑا اور قرآن اور اہل بیت ہی سے متمسک رھنے کا حکم دیا۔

کانفرنس کے موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے صوبائی صدر مخدوم پیر نوید احمد ہاشمی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اسلام آباد دھرنے میں ساتھ دیا اور مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اتحاد بین المسلمین کے علمبردار ہیں۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی طرف سے عظمت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کانفرنس کا انعقاد لائق صد تحسین اقدام ہے۔ آل رسول کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی اہل سنت کے علماء نے کھل کر مذمت کی اور شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سیدہ کائنات السیف الجلی علی منکر ولایت علی اعلان غدیر اور حضرت امام مہدی ع کی شان میں القول المعتبر فی الامام المنتظر جیسی عظیم کتابیں لکھ کر انتہائی قابل تعریف اقدامات کئے۔

 انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان اتحاد اور اخوت کا مقصد ملک کے اندر فرقہ واریت اور نفرتوں کا خاتمہ اور اتحاد بین المسلمین کا فروغ ہے  اور ہم مل کر اس ملک میں میں عشق رسول اور عشق آل رسول کی شمع روشن کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں سید طاہر رسول شاہ طفیل احمد قادری بیدار بخت و دیگر نے بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور بارگاہ سیدہ کائنات میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں حاجی محمد پنہل میاں جاوید لاشاری و دیگر شریک ہوئے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree