Print this page

یوم یکجہتی کشمیر، ایم ڈبلیوایم کے تحت ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

05 فروری 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں لاڑکانہ، حیدرآباد، ملتان، خیرپور، سکھر، ٹنڈومحمد خان، ماتلی، بدین و دیگر اضلاع میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔شرکائے نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور آزادی کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔

مقررین نے اپنے خطابات میں بھارتی مظالم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانیت کی جو تضحیک کی جا رہی ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ستر سالوں سے کھیلے جانے والا ظلم و بربریت کا یہ گھناؤنا کھیل ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔  اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کی قراردادوں کی حکم عدولی ایک بدمعاش ریاست کی عالمی غندہ گردی کو سمجھنے کے لیے کافی ہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مرکزی ریلی کا آغازنماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے ہوا۔جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے  رہنما علامہ ضیغم  عباس  نے کی۔

ریلی سےخطاب کرتے ہوئے علامہ ضیغم عباس نے کہا کہ آج ساری دنیا میں بھارتی حکومت کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں ۔کشمیری عوام پر بھارتی افواج کی سفاکیت نے اقوام عالم کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکمرانوں کی بے جا ہٹ دھرمی ہندو ریاست کے وجود کو کھوکھلا کر رہی ہے۔بھارت میں زور پکڑنے والی علیحدگی کی تحریکوں میں تیزی بھارتی سالمیت کے تابوت میں آخری کیل ثابت یو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام تحریک آزادی کشمیر کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہم آخری دم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل انجینئر ظہیر نقوی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد نتیجہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔اقلیتوں کے خلاف بھارت کی ظالمانہ پالیسیاں اس کی نابودی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ہونا ضروری ہے۔بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیری عوام کو حق خودارادیت نہ دینا بنیادی انسانی حقوق اور عالمی ادارے کے حکم کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔

ایم ڈبلیو ایم رہنماء ظہیر نقوی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیرکے مظلوم اور نہتے شہریوں پر بھارتی افواج ظلم کے پہاڑ تورنے میں مصروف ہے۔نوجوانوں کا اغوا، عقوبت خانوں میں تشدد اور خواتین کی عصمت دری جیسے اذیت ناک واقعات معمول کا حصہ بن چکے ہیں۔انسانی حقوق کی اس تذلیل پر اقوام عالم کی خاموشی بدترین بے حسی پر دلالت کرتی ہے۔ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو کشمیری عوام کی حمایت میں جاندار اورٹھوس موقف اپنانا ہوگا۔

 ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انجمن اثنا عشری امام بارگاہ جی سکس ٹو کے صدر امجد علوی نے کہا کہ ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو کشمیری عوام کی حمایت میں جاندار اورٹھوس موقف اپنانا ہوگا۔کشمیری عوام کے ساتھ چند روزہ یکجہتی کے اظہار سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں۔پوری قوم  کشمیریوں کے لیے مسلسل آواز بلند کرتی رہے تاکہ اس جدوجہد کو ایک عوامی تحریک میں بدلا جا سکے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree