Print this page

ایم ڈبلیوایم یوتھ ونگ کی جانب سے لاہور میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیا گیا

02 ستمبر 2022

وحدت نیوز(لاہور) سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہونیوالے افراد کی بحالی اور داد رسی کیلئے مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ بھی میدان میں آ گیا۔ یوتھ ونگ کی جانب سے لاہور کے علاقے شادمان میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے، جہاں پر سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان جمع کیا جا رہا ہے۔ قومی مرکز شادمان کے قریب لگائے گئے کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید حسین زیدی، سیٹھ عدنان ،سجاد نقوی سید شعیب جعفری اور اسد علی بھی موجود تھے۔

سیٹھ عدنان نے بتایا کہ کیمپ میں سیلاب متاثرین کیلئے کپڑے، کمبل، ادویات، خشک راشن، برتن، پانی کی بوتلیں، جوس اور دودھ کے ڈبے، نقد رقوم سمیت دیگر اشیاء وصول کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں جمع ہونیوالے سامان المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے حوالے کیا جائے گا جو متاثرہ علاقوں میں پہلے سے ہی ریلیف کی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ سیٹھ عدنان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے لاہور کے عوام سے خصوصی طور پر اپیل کی ہے کہ جو بھی وہ چاہیں، کیمپ میں جمع کروا دیں، ان کی یہ امانت مکمل ایمانداری کیساتھ متاثرین تک پہنچائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کی جانب سے تعاون لائق تحسین ہے، لاہور کی تاجر برادری ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے، جبکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑھ چڑھ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ شہری بھرپور انداز میں متاثرین کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں۔ سیٹھ عدنان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو ہماری امداد کی ضرورت ہے، ایم ڈبلیو ایم متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree