وحدت نیوز(لاہور) دعا کمیٹی پاکستان لاہور اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے باہمی اشتراک سے امام بارگاہ گلشن زہراء، بھیکھے والا موڑ، لاہور میں دعائے عرفہ مجلس شہادت حضرت مسلم بن عقیلؑ اور بانی انقلاب اسلامی ایران، حضرت امام خمینیؒ کی 36ویں برسی کے موقع پر عظیم الشان دعائیہ اجتماع منعقد ہوا۔
یہ روحانی اجتماع ہر سال روز عرفہ کے موقع پر منعقد کیا جاتا ہے، جس میں اس بار بھی شہر بھر سے مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس با برکت اجتماع سے معروف ذاکر اہل بیت جناب جواد عاشق بی اے اور علامہ ظہیر کربلائی نے ایمان افروز خطاب کیا۔
دعائے عرفہ کی تلاوت کی سعادت جناب قاری منیر جعفری اور قاری عبدالباسط نے حاصل کی۔دعائیہ اجتماع کے بہترین انتظامات دعا کمیٹی لاہور اور مجلس وحدت مسلمین کے رضا کاران نے کیے۔
شرکاء کے لیے ٹھنڈے مشروبات اور نذر و نیاز کا وسیع انتظام موجود تھا۔ اجتماع میں تنظیمی و غیر تنظیمی سطح پر مؤمنین کی بھرپور شرکت نے اس پروگرام کو ایک روح پرور منظر میں بدل دیا۔
یہ اجتماع جہاں دعائے عرفہ کی روحانیت سے لبریز تھا، وہیں امام خمینیؒ کے افکار و خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوا۔