Print this page

کراچی،مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے زیر اہتمام جشن عید غدیر و چراغاں کا انعقاد

20 اگست 2019

وحدت نیوز (کراچی)مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کراچی کے زیر اہتمام جشن عید غدیر میں منقبت خوانی کے علاوہ بچوں کے لئے جھولوں،بچیوں کے لئے مہندی اور فیس پینٹنگ سمیت عیدی کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔اس موقع پر مومنین و مومنات باالخصوص بچوں کی کثیر تعداد جشن میں شریک تھی۔

زرائع کے مطابق عید سعید غدیر کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کراچی کے زیر اہتمام جشن عید غدیر کا انعقاد علامہ رشید ترابی پارک انچولی بلاک 20 پر ہوا۔جشن کا آغاز معروف منقبت خواں برادر جاسر عباس جعفری کی تلاوت حدیث کساء سے ہوا،جشن میں معروف منقبت خواں حضرات نے بارگاہ مولا امیر المومنین علیؑ ابن ابیطالب ؑ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا ۔جشن کے موقع پر چراغا اور آتش بازی کے علاوہ خصوصی بات بچوں کے لئے جھولوں،بچیوں کے لئے مہندی اور فیس پینٹنگ سمیت عیدی کا بھی خصوصی انتظام تھا،جس میں بچوں اور بچیوں نےبھرپور انداز میں حصہ لیا۔

جشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ سید علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ ولایت ایک ایسا موضوع کہ اللہ سبحان تعالیٰ نے سب سے زیادہ جس شے کے طرف دعوت دی ہے اور لوگوں کو بلایا ہے وہ ولایت اہلبیتؑ ہے،اللہ تعالیٰ نے ولایت ایک ایسا جز رکھا ہے کہ جس کے بغیر کوئی عبادت قبول نھیں ہوتی۔ولایت روح عبادت ہے،ولایت روح نماز ہے،ولایت روح روزہ ہے،ولایت روح حج ہے،لہذا جتنی بھی عبادتیں ہیں ان کی روح ولایت مولائے کائنات امام علیؑ ہے،ولایت اہلبیتؑ ہے۔علامہ سید علی انور جعفری نے مزید کہا کہ غدیر ایک ایسا دن ہے کہ جسے صادق آل محمد، امام جعفر صادقؑ و دیگر آئمہؑ نے عید اللہ اکبر یعنی سب سے بڑی عید قرار دیاہے۔یعنی عید الفطر اور عید الاضحی بھی اگر عید بنی ہیں توبھی عید غدیر کی بدولت ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن نے جشن عید غدیر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے پوری کائنات میں جو ایک نور پھیلایا ہے وہ نور مولا علیؑ اور ان کی آل کے وسیلے سے قائم ہے،پاک پروردگار نے کائنات کی خلقت سے قبل اپنی حبیب حضرت محمدﷺ ، مولا علیؑ اور بی بی فاطمۃ الزھراء سلام علیہا کے نور کو خلق کیا تھا،یعنی خالق کائنات نے اس کائنات اس میں موجود ہر شئے اور اپنے پیغمبروں کی خلقت سے پہلے محمدﷺ و اہلبیت محمدﷺ کے نور کو خلق کیا تھا،اور اسی نور کی بدولت آج پوری کائنات روشن ہے۔علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ آج مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زمہ داران و کارکنان سمیت تمام شیعہ جوانوں ،ملی اداروں،ماتمی انجمنوں،مساجد و امام بارگاہوں کی زمہ داران نے نے ناصرف انچولی بلکہ ملک کے گوشے گوشے کو نور ولایت علیؑ ابن ابیطالبؑ سے منور کیا ہوا ہے،انھوں نے کہا کہ آج علیؑ کے ماننے والوں نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو میدان خم غدیر میں بدل دیا ہے،جہاں دیکھیں نور ولایت کے پروانے اعلان ولایت پر جشن منا رہے ہیں۔

علامہ مبشر حسن،ڈویژنل رہنماء زین رضا رضوی اور صوبائی رہنماء برادر ظہیر حیدر نے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے تمام زمہ داران و کارکنان باالخصوص ضلعی رہنماء برادر کمیل عباس اور برادر ہمایوں کو عظیم الشان جشن عید غدیر کے انعقاد پر مبارکبارد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج علامہ رشید ترابی پارک پر موجود مومنین و مومنات اور بچوں کے جم غفیر نے جس طرح جشن منایا ہے اور جشن کے انتظامات کی تعریف کی ہے،اس کے لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی،صوبائی اور کراچی ڈویژن کی قیادت برادر کمیل عباس اور برادر ہمایوں سمیت مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کی کابینہ اور یونٹس کے زمہ داران وکارکنان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی صحت و سلامتی کے لئے دعا گو ہیں

جشن کے اختتامی مرحلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری،صوبائی رہنماء برادر ظہیر حیدر،ڈویژنل رہنماء زین رضا رضوی،ضلع وسطی کے سیکریٹری جنرل محمد کاظم اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ملک محمد عباس نے عید غدیر کی مناسبت سے بچوں میں عیدی تقسیم کی، اس دوران آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیااور مومنین و مومنات کی خدمت میں نیاز مولائے کائناتؑ پیش کی گئی

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree