شہر قائد کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے ،پی پی پی، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی سیاسی رسہ کشی بند کرے۔ علامہ باقر زیدی

17 اگست 2019

وحدت نیوز(کراچی) شہر قائد میں عید الاضحی کے بعد سے جگہ جگہ ہونے والے گندگی کے ڈھیر نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پاکستانی معیشت کی شہ رگ اورسب سے بڑے شہر کی عوام طرح طرح کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سند ھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی نےمیڈیا سیل سے جاری اپنے بیان نے کیا ۔ علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے اور یہاں کے باسیوں کے ساتھ ملک کی تمام جماعتیں سوتیلا سلوک کر رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کی سیاسی رسہ کشی نے ملک کی معاشی رگ کو گندگی کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔ پاکستانی معیشت کو چلانے والے شہر کو اقتدار کے بھوکے درندوں نے تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ علامہ باقر زیدی نے کہا کہ مون سون کی بارشوں اور عید الاضحی کے بعد سے سیوریج کا گندہ پانی اور کچرے کے ڈھیر شہر میں تعفن اور بیماریاں پھیلا رہے ہیں ۔ اگر ان کو صاف نہ کیا گیا توشہر بھر میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ علامہ باقر زیدی نے مون سون بارشوں میں کے الیکٹرک کی غفلت سے ہونے والی اموات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی نااہلی اور غفلت نے اہلِ کراچی کی جانیں لے لیں۔کے الیکٹرک کی وجہ سے معصوم شہریوں کے قتل پرانسداد دہشت گردی کا مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک حالیہ بارشوں میں معصوم شہریوں کی قاتل بن گئی ہے، کے الیکٹرک کی غفلت سے ہونے والے قتل کا نوٹس اب تک نہیں لیا گیا۔ انہوں نے چیف جسٹس اور وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ وہ کے الیکٹرک کے خلاف مقدمات کا نوٹس لیں ۔بے گناہ قتل ہونے والے افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کے خون کا انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا معاہدہ فوری طور پر ختم کر کے اسے واپس حکومتی تحویل میں لیا جائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree