وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری اطلاعات آصف صفوی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی مشکلات کا باعث بنتی جارہی ہے، جبری اجرک والی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کاکاروبار شروع کر دیا گیا ہے، نئی نمبر پلیٹس کے نام پر شہریوں سے رقم کی وصولی بھتہ خوری ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں، عوام سندھ سرکار کی نااہلی کی وجہ سے مختلف بحرانوں کا شکار ہے، شہری پانی و بجلی کی رسد، صحت و تعلیم، سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک، مختلف اضلاع میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور ملازمتوں کے انتظار میں بوڑھے ہورہے ہیں، ان مسائل کے حل کیلئے کوئی سدباب نہیں وہیں شہریوں سے رقم وصول کرنے میں پھرتیاں دکھائی جارہی ہیں، بلاول بھٹو سندھ حکومت کی قانونی بھتہ خوری کا نوٹس لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نمبر پلیٹس کی تبدیلی اتنی ہی ضروری ہے تو شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے کے بجائے مفت فراہم کی جائے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملکی عوام آٹا، چینی، ایشائے خوردونوش کے مہنگے ہونے اور مختلف مافیاز سمیت بے جا لگائے جانے والے ٹیکس سے تنگ ہیں، ملک میں مصنوعی مہنگائی اتحادی حکومت کی دین ہے، وفاقی و سندھ حکومتیں ذخیرہ اندوزی روکنے میں ناکام ہوگئی ہے، پی ڈی ایم ٹو اتحادی صرف عوام کو ریلیف دینے کی باتیں ہی کر رہے ہیں عملی اقدام کچھ نہیں، ملک بھر میں ہنگامی بنیادوں پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدمات کئے جائیں، مصنوعی مہنگائی پھیلانے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کرکے قیمتوں کو مستحکم کیا جائے۔