وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے ایک مرتبہ پھر عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔ پٹرولیم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ عوام کے مسائل حل کرنے، نظام کی تبدیلی اور نئے پاکستان کے نعرے پر اقتدار میں آنے والے حکمران بھی عوام کو بھول گئے۔ غلط حکومتی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کے ہاتھوں بے حال عوام اب مہنگائی کے مزید جھٹکے برداشت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی کیلئے اپنی روزمرہ ضروریات کو پوری کرنا مشکل ہوچکا ہے۔ متوسط طبقہ بھی مہنگائی سے بری طرح متاثر ہوا جبکہ غریب آدمی کا جینا اجیرن ہوچکا ہے۔ ایسے حالات میں معاشی خوشحالی کا واویلا مچانے والے وزراء اس مہنگائی کے طوفان پر کیوں خاموش ہیں۔ کیا عوام کو دوسرے ملکوں میں مہنگائی کی کہانی سنا کر مطمئن کیا جاسکتا۔؟
علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ اگر حکمران دوسرے ملکوں کی مہنگائی کی مثال دیتے ہیں تو فی کس آمدنی بھی انہی ممالک کے مطابق کریں۔ حکمران اپنے خوابوں سے باہر آکر عوام کے مسائل حل کرنے کا بھی سوچیں، تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ عام آدمی حکومتی پالیسیوں کے باعث کس قدر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات میں عوام اپنا فیصلہ سنا دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔