وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کا دورہ روزہ صوبائی کنونشن مسجد ولی العصر میں شروع ہوگیا، کنونشن میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرل اور ضلعی کابینہ شریک ہیں، کنونشن کے پہلے روز نماز مغرب کے بعد شب شہداء کا انعقاد کیا گیا، شب شہداء کی محفل سے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سربراہ علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، شہید علامہ ناصر عباس کے بھائی پروفیسر شاہد عباس، شاعر اہل بیت زوار حسین بسمل، صوبائی رہنمائوں علامہ قاضی نادر حسین علوی، سلیم عباس صدیقی، طاہر خورشید اور دیگر نے خطاب کیا۔
شب شہداء میں شہداء کے آثار اور تصاویر پر مشتمل خصوصی گیلری بنائی گئی۔تقریب میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ شہداء ہمارے لیے جہاں ذریعہ نجات ہیں وہیں ہماری روحانی تربیت کا محور بھی ہیں، جو قومیں اپنے شہداء کو فراموش کر دیتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم جس مکتب کے پیروکار ہیں وہ مکتب شہادت کو سعادت سمجھتا ہے۔ کنونشن کے دوسرے روز ضلعی اور صوبائی کارکردگی رپورٹس پیش کی جائیں گی، خفیہ رائے شماری کے ذریعے نئے صوبائی سربراہ کا انتخاب بھی عمل میں آئے گا۔ کنونشن میں مرکزی نمائندہ آصف رضا ایڈووکیٹ، زعیم زیدی، انجینیئر سخاوت علی، سید ندیم عباس کاظمی، محمد اصغر تقی، علی رضا زیدی، فہیم جعفر، سید دلاور عباس زیدی، علی رضا بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔