ضمنی انتخاب پی پی 90 دریا خان بھکر، ایم ڈبلیوایم کی جانب سے پی ٹی آئی امیدوار عرفان اللہ خان نیازی کی حمایت کا اعلان

11 July 2022

وحدت نیوز(بھکر)پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد کے درمیان ضمنی الیکشن پی پی 90 دریا خان بھکر کے حوالے سے ملاقات ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی قیادت سبطین خان قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی کر رہے تھے۔ وفد میں ایم پی اے احمد خان بھچر آف میانوالی، ایم پی اے عامر عنایت شہانی، ایم پی اے امیر محمد خان حسن خیلی، ایم پی اے عضنفر عباس چھینہ، علی عباس بخاری سابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب شامل تھے جبکہ مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کے وفد کی قیادت ضلعی صدر مزمل عباس خان نے کی، ان کے ساتھ دیگر افراد بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے قومی سلامتی اور غلامی نامنظور کے اصولی موقف کی تائید کی گئی اور موقف اپنایا گیا کہ موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کا حل امریکہ مخالف قوتوں کی مضبوطی میں ہے، لہذا اس صورتحال کے پیش نظر مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار  پی پی 90 عرفان اللہ خان نیازی کی حمایت کا اعلان کرتی ہے، جن کی فتح قومی وقار اور سیاسی استحکام کا سبب ہوگی۔

مزمل عباس خان نے پی ٹی آئی وفد کو علاقائی مسائل کی جانب بھی توجہ دلوائی، جس میں فرقہ واریت کے خلاف اقدام، علاقائی امن کا قیام، سیاسی انتقامی کارروائیاں اور فورتھ شیڈول کا خاتمہ، عزاداروں کو درپیش مشکلات کے لیے اقدامات پر تحریک انصاف کے وفد نے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین بھکر کے انتخابی حلقہ پی پی 90 میں ایک مضبوط ووٹ بنک رکھتی ہے، جہاں گذشتہ 3 الیکشن میں حصہ لے چکی ہے۔ تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کی کامیابی کیلئے مجلس وحدت مسلمین بھکر بھرپور کردار ادا کرے گی۔ کارکن اس الیکشن میں متحرک کردار ادا کریں گے، ہمارے نظریاتی ووٹ بنک سے حلقہ کی صورتحال یکسر تبدیل ہو جائے گی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree