وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین شعبہ امور خارجہ کے سربراہ نے پاراچنار کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام سے چند دن قبل فرقہ وارانہ جنگ بھڑکانا ایک سوچی سمجھی سازش کا شاخصانہ ہے، زمینی تنازعات کی بنیاد پر محب وطن شعیان اہلبیت علیہ السلام پر افغانستان سے مسلح گروہوں کے ذریعے مسلسل حملے ہو رہے ہیں، سرحد پار سے بلا رکاوٹ حملہ آوروں کا وطن عزیز کے محب وطن باشندوں پر حملہ کرنا ہماری ملکی سلامتی و خود مختاری کے خلاف انتہائی خطرناک سازش ہے، حکومت وقت کی طرف سے تاحال جنگ بندی کیلئے کسی مناسب موقف و کوشش کا نہ ہونا بھی ایک سوالیہ نشان ہے، کیوں ہمیشہ محبان وطن یعنی تشیع پاکستان کا خون بہایا جاتا ہے۔؟؟
یاد رہے کہ پاراچنار وہ علاقہ ہے، جو کہ افغانستان کے بارڈر پر واقع ہے اور یہاں کے علاقہ مکین پاکستان کا نیچرل ڈیفنس ہیں، جو ہمیشہ اپنی مدد آپ کے تحت سرحد پار سے حملہ آوروں کا مقابلہ کرتے ہیں۔ سربراہ امور خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اس آگ کو بجھانے میں اپنا کردار ادا کریں. علاوہ ازیں انہوں نے پوری پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم متحد ہوکر ملکی سلامتی کے خلاف اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنائے۔