وحدت نیوز(قم المقدسہ) ایران کے دارلخلافہ تہران میں 80 سے زائد ممالک کے علما ء نے تکفیریت کے خلاف عالمی کانفرنس میں شرکت اور اپنی اقوام کی نمائندگی کی۔ پاکستان سےمجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ، رکن اسلامی نظریاتی کونسل اور رکن ملی یکجہتی کونسل علامہ امین شہیدی ،شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رہنما مولانا شیرانی، جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیرنے شرکت کی۔ دو روزہ کانفرنس میں علامہ محمد امین شہیدی نے شیعیان پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئےخصوصی خطا ب کیا۔ علامہ راجا ناصر عباس جعفری کا بھی خطاب شیڈول تھا لیکن وہ بھکر جلسے میں شرکت کے باعث کانفرنس میں آخر ایک گھنٹے میں شریک ہوئے اس لئے وہ خطاب نہ کرسکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی، مولانا شیرانی اور صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے تکفیریت کو دنیا بھر سمیت عالم اسلام کے لئے عظیم خطرہ قرار دیا۔ رہنماں کا کہنا تھا کہ داعش سمیت تمام تکفیری تنظیموں نے دنیا بھر میں اسلام کی ساکھ کو مجروح کیا ہے، عالم اسلام کے تمام تر مراکز کو تکفیریت کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ رہنماں نے اس بات پر زور دیا کہ ملت کو تکفیری نعروں سے نجات کے لئے متحد ہونا ہوگا اور ان عناصر کی بیخ کنی کرتے ہوئے وحدت کی فضا کو فروغ دینا ہوگا۔