وحدت نیوز (شکارپور) سانحہ شکارپور کے مجرموں کی عدم گرفتاری کیخلاف شکارپور سے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی تک لانگ مارچ کیا جائے گا، آئندہ جمعہ سانحہ شکارپور کے خلاف سندھ بھر میں ہڑتال کی جائے گی، سندھ حکومت سانحہ شکارپور کے ذمہ داروں کی گرفتاری میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے، ہم کبھی بھی اپنے شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور شہدا کمیٹی شکارپور کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے شکارپور میں اجتماعی نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تکفیری دہشت گردوں کو لگام دینے میں ناکام ہوچکی ہے، کالعدم جماعتیں کھلے عام اپنی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں، حکومتی وزراء قاتلوں کی گرفتاری کے بجائے تکفیری دہشت گردوں کے سرپرست بنے ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب شہدا کے خانوادوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انصاف کے حصول کیلئے اور ظالم حکومت کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کیلئے شکارپور سے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی تک لانگ مارچ کریں گے۔ علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کو اپنا شعار قرار دیا ہے لیکن سندھ حکومت نے ہمارے صبر کو نظرانداز کیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ظالم وزیراعلیٰ کیخلاف پوری قوم یک آواز ہوکر صدائے احتجاج بلند کرے۔