وحدت نیوز(اصفہان)جنگ بندی کاڈرامہ ملک کی مذید تباہی کا سبب بنے گا ، نواز لیگ پاکستان کی تاریخ کی کنفیوژ ترین سیاسی جماعت ثابت ہوئی ہے، مفسد فی الارض طالبان ملک اور قوم کے دشمن ہیں ، پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے سعودیہ و امریکہ طالبان کو وسائل فراہم کر رہے ہیں ، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ، شیعہ اور سنی مل کر اس ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، پاکستان کے مسائل کا حل شیعہ سنی وحدت میں ہے جسے ہم عملی جامہ پہنانے کے لئے میدان میں کوشاں ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جامعتہ المصطفیٰ اصفہان میں سیمینار سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، سیمینار کااہتمام مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان نے کیا تھا ، ان موقع پر جامعتہ المصطفیٰ اصفہان میں زیر تعلیم طلاب کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی ۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے سخت کاروائی کے نتیجے میں طالبان اور انکے پشت پناہ سیاسی گماشتے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں ، جنگ بندی کا ڈرامہ طالبان کی جانب سے ہو یا حکومت پاکستان کی جانب سے دونوں کا مقصد دہشت گردو ں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، طالبان کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی یا ہمدردی پاکستان کی تباہی اور عوام کے قتل عام کا مو جب قرار پائے گی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان نےطالبان کے خلاف جس دو ٹوک اور اٹل موقف کو اختیار کیا آج وہ پوری ملت پاکستان کے دل کی آواز بن چکا ہے، الحمد اللہ پاکستا ن کے بریلوی اہل سنت بھائی بھی طالبان کے خلاف قیام کر نے کا اعلان کر چکے ہیں ، انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں کے جب پاکستان کے اہل تشیع اور اہل سنت وطن عزیز کے دفاع کی خاطر پاک فوج کے شانہ بشانہ فرنٹ لائن پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں گے۔