وحدت نیوز(مشہد مقدس) سفیرانقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی انیسویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیر اہتمام تعزیتی اجتماع منعقد کیا گیا ، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری امور تربیت علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کیا جب کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے خصوصی خطاب کیا اور شہید ڈاکٹر نقوی کی قومی و ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی کابینہ کے اراکین سمیت علمائے کرام ، طلاب دینیہ اور زائرین ثامن الآئمہ علیہ السلام کی بڑی تعداد بھی شریک تھی ۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انقلاب اسلامی کی ترویج کی بھاری ذمہ داری شہید ڈاکٹر نے بخوبی انجام دی ، وسائل کے فقدان ، معاشرے کی دھتکار اور خواص کا نظر انداز کرنا شہید ڈاکٹر کے راستے کی دیوار نہ بن سکا، شہید اپنے انقلابی مشن پر کامل یقین کے حامل تھے، شہید کے پرورش کردہ افراد آج بھی پاکستان میں مظلوم ملت کی خدمت میں کوشاں ہیں ، جو شہید کی روح کی شادمانی کا زریعہ ہیں ، مجلس وحدت شہید قائد اور شہید ڈاکٹر کے اہدافات ، آرزوں اور امنگوں کے مطابق معاشرتی اصلاح کا کام انجام دے رہی ہے ۔