وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا ہے اور ملتان جلسے میں ہونے والی کارکنان کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔ علامہ ناصرعباس جعفری نے ملتان انتظامیہ کی غفلت اور کوتاہی کی بھی شدید مذمت کی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نے شاہ محمود قریشی کو تحریک انصاف کی جانب سے ملتان میں تاریخ ساز جلسہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملک کو جلد غیر مقبول وزیراعظم سے نجات ملے گی، موجودہ حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے علامہ ناصر عباس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تحریک انصاف مجلس وحدت مسلمین کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مجلس وحدت مسلمین ملتان میں پنجاب انتظامیہ کی طرف سے ہونے والے ظلم کیخلاف عوامی سطح پر آواز اٹھائے گی۔ وائس چئیرمین تحریک انصاف نے پاکستان عوامی تحریک، مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کی طرف فیصل آباد میں ہونے والے جلسے کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔