وحدت نیوز(لاہور) او جی ڈی سی ایل کی نجکاری اور مزدوروں پر تشدد بدترین ریاستی دہشت گردی ہے، مزدور کش پالسیوں کے خلاف محرم الحرام کے بعد مزدور رہنماوُں سے ملاقات کرکے باقاعدہ ان کے ساتھ مل کر ان کی تحریک کا حصہ بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے لاہور میں سیاسی سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنی تجوریاں بھرنے کے لئے ملکی اثاثے کوڑیوں کے بھاوُ نیلامی پر لگا دیئے ہیں، ملکی اہم اثاثوں کی غیر ملکی کمپنیوں کے ہاتھوں نیلامی ملکی سلامتی کو غیروں کے ہاتھوں گروی رکھنے کے مترادف ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے بعد عوامی اجتماعات میں ایسی ملک دشمن پالیسوں کیخلاف آگاہی مہم چلائیں گے۔ سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو اس حساب سے ریلیف نہیں دیا گیا، بجلی بلوں کے ذریعے تاحال عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ اجلاس میں سیاسی شعبہ کے مسئولین کو ہدایات کیں کہ وہ ایام عزاء کے فوری بعد بلدیاتی الیکشن اور بھکر کے ضمنی الیکشن کے لئے بھر پور مہم چلائیں۔