وحدت نیوز (بھلوال) معروف ذاکر اہل بیت (ع) اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے پنجاب کے شہر بھلوال میں مجلس امام حسین ؑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے عزاداری کو محدود نہیں کرسکتا، اگر آج ہم پر حملے ہوتے ہیں اور ہمیں شہید کیا جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ہم حق پر ہیں، ہم سنت حسین پر عمل پیرا ہیں، ہم مظلوموں کی حمایت میں کھڑے ہیں، ہم ظالم کے خلاف کھڑے ہیں اور ہم وقت کے ظالموں اور فرعونوں سے نبر آزما ہیں۔ علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ عزاداری سید الشہداء کو جاری رکھنے کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، حکومت کی ذمہ داری ہے کی وہ ملک کے ہر کونے میں عزاداروں کو تحفظ فراہم کرے، کراچی میں عزاداروں پر ہونے والے حملے کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اُس ننھی شہیدہ سیدہ بتول کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے سیرت علی اصغر پر چلتے ہوئے راہ شہادت اختیار کی اور کمسن شہیدہ کا لقب پایا۔
علامہ اعجاز حسین بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایسے مکتب سے تعلق رکھتے ہیں جس کا رہنما حسین ؑ ہے، ہماری سوچ اور فکر کا مالک حسین ؑ ہے، جس نے کبھی ظالم و جابر کے آگے سر نہیں جھکایا اور وقت کے فرعون کے خلاف قیام کیا اور اپنے ناناؐ کی دین کی حفاظت کرتے ہوئے راہ شہادت کو اختیار کیا اور اپنے جان و مال گھر بار سب کو راہ خداہ میں قربان کر دیا اور رہتی دنیا کے لئے یہ پیغام دیا کہ کبھی کسی ظالم و جابر کے سامنے سر نہیں جھکانا اور ہمیشہ مظلوموں کی حمایت کرنا اور ظالموں کے خلاف قیام کرنا اور راہ خدا میں مرجانا سنت حسین ؑ ہے۔