وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امامت کے ساتویں آفتاب حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام برحق صبر و رضا کی اعلٰی ترین معراج پر تھے۔ان کی زندگی کے تمام پہلو اپنے جد امجد رسول خدا ﷺ کے اسوہ حسنہ کا عملی اظہار ثابت ہوئے۔ اس دور کی استکباری طاقتیں ظلم و جبر کے تمام حربوں کو آزمانے کے باوجود بھی امام برحق کو اپنے اجداد کی اعلی تعلیمات اور عالی اقدار کی حفاظت سے دستبردار نہ کرے سکیں۔موسی کاظم علیہ السلام کا طویل ترین قید اور حکومت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے خائف نہ ہونا ہمارے لیے باعظمت زندگی بسر کرنے کا بہترین درس ہے۔ دین کی حفاظت کے لیے جرات و استقامت کو طرزِ زندگی بناکر امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وقار بحال کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا شہادت کی آرزو حقیقی مومن کی پہچان ہے۔جن شخصیات نے اس حقیقت کا درک کر لیا وہ دنیا و اخرت میں سرخرو ہیں۔تاریخ شاید ہے کہ موت کے خوف اور دنیاوی لالچ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کے منتخب کردہ اماموں سے دور کر دیا اور امام کو تنہائی کی اذیت سہنا پڑی۔انہوں نے کہا دور عصر میں ہمیں سختی کے ساتھ آئمہ اطہار علیہم السلام کے طرزِ زندگی کو اپنانے کی ضرورت ہے بصورت دیگر ذلت و رسوائی کے چنگل سے آزادی ممکن نہ ہو گی۔انہوں نے امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر امام زمانہ علیہ السلام کے حضور اور مومنین کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔