وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے حیدرآباد مدرسہ مشارع العلوم پہنچ کر مدرسہ کے سرپرست بزرگ عالم دین علامہ سید محمد عباس زیدی اور امام جمعہ حیدر آباد اور قدم گاہ مولا علی جامع مسجد کے خطیب علامہ سید حیدر عباس زیدی سے ملاقات کی اور انہیں 12 مارچ کو اسلام آباد میں متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ہونے والی شیعہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصاب تعلیم اہم قومی مسئلہ ہے اس لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک گیر شیعہ قومی کانفرنس طلب کی ہے تاکہ ملک بھر کے شیعہ علماء ،خطباء، ذاکرین ،مسولین ِمدارس، ماہرین تعلیم اور تنظیمی نمائندے مل بیٹھ کر نصاب پر مشاورت کریں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں۔
اس موقع پر سید وقار حسین زیدی سیکرٹری تنظیم سازی مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد ،مولانا گل حسن مرتضوی ضلعی ترجمان، سید صفدر عباس زیدی ڈپٹی سیکرٹری جنرل، سید شکیل حیدر کاظمی ضلعی نشر واشاعت سیکرٹری، عابد علی قریشی ضلعی سیکریٹری وحدت یوتھ، غلام علی ابڑو معاون میڈیا سیکریٹری مجلسِ وحدت مسلمین حیدرآباد بھی ہمراہ تھے۔