وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے پشاور امامیہ مسجد میں دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کا غیر معمولی ضیاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں دہشت گردوں کے ہاتھوں سب سے زیادہ نقصان ملت تشیع نے اٹھایا، مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کو امدادی کارروائیوں میں فوری حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، درندہ صفت عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں، دہشت گردوں کے ساتھ ریاست کی مفاہمتی پالیسی نے مذموم عناصر کے حوصلے بلند کر رکھے ہیں، دہشت گردوں کے ساتھ لچک آمیز رویہ ملک و قوم کے لئے خطرات پیدا کر رہا ہے، دہشت گرد عناصر کو سختی سے کچلے جانے کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں۔