وحدت نیوز(اسلام آباد)جماعت اسلامی کے رفاعی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے ایک اعلی سطح وفد نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و چئیرمین المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن سید ناصر شیرازی سے ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کے اراکین نے اسلام آباد میں مقیم افغان مہاجرین کی بہترین دیکھ بھال پر المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کی خدمات کو سراہا۔وفد نے افغان مہاجرین کے لیے المجلس کو راشن بھی فراہم کیا۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے معزز مہمانوں کو بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رفاعی ادارے نے گزشتہ چھ ماہ سے زائد عرصے کے دوران سینکڑوں افغان مہاجرین کی مدد کی ہے۔ہم انسانیت کی بلاامتیاز خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ تمام تنظیموں کو رفاعی سرگرمیوں میں مذہب، نسل اور قوم سے بالاتر ہو کر حصہ لینا چاہیے،دونوں اداروں نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے آئندہ بھی باہمی تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔سید ناصر شیرازی نے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔