وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصودعلی ڈومکی نے 9 اپریل عالم اسلام کے مجاہد مبارز عالم دین اور عصر حاضر کے عظیم مفکر مصلح فیلسوف شہید آیہ اللہ سید محمد باقر الصدر کے 42 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ شہید باقر الصدر نابغہ عصر اور عظیم مفکر تھے جنہوں نے علم فلسفہ اور اقتصاد اسلامی پر معرکہ الآراء کتب تحریر کیں۔ آپ اسلامی حکومت کو بشری ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے انسانی صلاحیتوں کے ارتقاء کا واحد ذریعہ سمجھتے تھے۔ نظریہ ولایت فقیہ اور حکومت اسلامی کے زبردست حامی تھے۔ حضرت امام خمینی اور انقلاب اسلامی سے محبت کا یہ عالم تھا کہ آپ نے فرمایا۔ امام خمینی کی ذات میں یوں فنا ہو جاو جیسے وہ اسلام میں فنا ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید باقر الصدر فقط عراق ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کا عظیم سرمایہ ہیں۔ ظالم حاکم کے سامنے کلمہ حق ادا کرکے آپ نے افضل جہاد کیا جو آپ کی شہادت پر منتہی ہوا۔ آپ کی بہادر بہن سیدہ آمنہ بنت الھدی بھی اپنے بھائی کی جرئت مجاہدت علم اور تقوی کا عکس تھیں آپ صدامی مظالم کے سامنے کوہ گراں ثابت ہوئیں۔آپ نے بعث پارٹی کی ممبرشپ کو حرام قرار دینے کا تاریخی فتوی صادر کیا۔
شہید باقر الصدر نے اپنے پاکیزہ خون سے اپنی صداقت کی گواہی دی۔ باقر الصدر آج بھی زندہ ہیں۔ ان کے پاکیزہ افکار کروڑوں عاشقوں کی صورت زندہ و تابندہ ہیں۔ صدام نابود جبکہ باقر الصدرو آمنہ بنت الہدیٰ آج بھی زندہ و تابندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرزمین عراق نے ہر دور میں ایسی مایہ ناز شخصیات کو جنم دیا ہے جو عالم انسانیت کا سرمایہ افتخار رہے ہیں۔ عراقی عوام اور امت مسلمہ پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ شہید سید باقر الصدر کے افکار اور تعلیمات کو زندہ رکھیں۔ اور عراق کی مقدس سر زمین کو امریکی استکبار اور طاغوت کے نجس وجود سے پاک کرتے ہوئے شہید باقر الصدر کے حکومت اسلامی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیں۔