وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے وفد کے ہمراہ بنی گالا میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کے داخلی معاملات میں امریکہ کی مداخلت کے خلاف سابق وزیراعظم کے جرات مندانہ موقف کو سراہا۔
انہوں نے کہا ملک و قوم کی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنا غیرت و حمیت کا تقاضا ہے۔اس ایشو پر پوری قوم کی طرح مجلس وحدت مسلمین بھی تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت ہمارے منشور کا بنیادی نکتہ ہے۔انہوں نے یکساں نصاب تعلیم اور پشاور و کوئٹہ کے سانحات پر سابق وزیراعظم سے شکوہ بھی کیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے قائد وحدت کی آمد اور تعاون کی یقین دہائی پر شکریہ ادا کیا۔مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی ،سید ناصر شیرازی ،مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی اور سید محسن شہریار شامل تھے۔