وحدت نیوز(کوئٹہ) مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ اس صدی کے عظیم انقلابی رہنما تھے جنہوں نے دین اسلام کی تعلیمات کو زندہ کیا۔ آپ نے ظالم پہلوی حکومت کے خلاف قیام کے نتیجے میں ڈھائی ہزار سالہ شاہنشاہی نظام کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ قید و بند اور جلاوطنی کی صعوبتیں اس عظیم انسان کے آھنی عزم کے سامنے رکاوٹ نہ بن سکیں۔ آپ نے قرآن و سنت کی روشنی میں جدید دور کے تقاضوں سے ہماھنگ اسلامی حکومت قائم کی۔
انہوں نے کہاکہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی نصرت اور عوام کی طاقت پر اعتماد کیا۔ آپ نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد عوامی ریفرنڈم کے ذریعے اسلامی جمہوریہ کی بنیاد رکھی۔ آپ کی ہدایات کی روشنی میں پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی صدر جمہوریہ سمیت مجلس خبرگان رہبری عوامی ووٹ اور الیکشن کے ذریعے منتخب کی جاتی ہے۔ جو اس بات کی دلیل ہے کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ عوامی رائے کو اہمیت دیتے تھے اور فرماتے تھے کہ میزان ملت کی رائے ہی ہے۔ آپ نے قرآنی و اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اسلامی جمہوریہ کی بنیاد عوامی رائے انتخابات اور جمہوری بنیادوں پر رکھی۔ امام خمینی اتحاد بین المسلمین کے علمبردار وقت کے ظالموں سے ٹکر لینے والے اور مظلوموں کے حامی اور طرفدار تھے۔
انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کو عصر خمینی کا نام دینا چاہیے۔ کیونکہ امام خمینی کے افکار اب عالمی تحریک بن چکے ہیں۔ آپ نے جو انقلابی افکار بیان کئے وہ فقط ایران کی سرزمین تک محدود نہیں رہے بلکہ آج فکر خمینی عالمی انقلابی تحریک کی صورت میں اسکتباری نظام کے زوال کا سبب بن چکا ہے۔ دنیا بھر کی ظالم استکباری قوتیں آج فکر خمینی سے لرزہ براندام ہیں۔