وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے امام خمینیؒ کی 33ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سامراجی نظام اور عالمی استکباری قوتوں کے خلاف اس صدی کی سب سے مضبوط آواز امام خمینیؒ کی تھی جس نے دنیائے اسلام کے ہر باضمیر و باشعور انسانی کو بیدار کیا اور انقلابی روح پھونکی۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے اس عظیم رہنما نے امریکہ کے اسلام دشمن عزائم کو بھانپ لیا تھا۔ وہ مسلم ممالک میں امریکی مداخلت کے سخت مخالف تھے۔ملک کے داخلی معاملات میں اغیار کی مداخلت کی بھرپور مخالفت امام خمینی کا وہ زریں اور اٹل اصول تھا جس پر ان کے مخالفین بھی داد دیے بغیر نہیں رہتے۔امام خمینی محض ایک شیعہ رہنما نہ تھے بلکہ امت مسلمہ کی ایک مدبر و بابصیرت شخصیت، ایک بہترین فکری رہنما اور ایک با عمل معلم تھے جنہوں نے اپنے کردار سے اپنی گفتار کی تصدیق کی۔
انہوں نے غیر کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کو اسلامی غیرت و عظمت کے منافی قرار دیتے ہوئےاعلی اسلامی اقدار سے روشناس کرایا۔موجودہ دور میں صیہونی و نصرانی تسلط سے چھٹکارا حاصل کرنے کا واحد ذریعہ فکرِامام خمینی پر عمل پیرا ہونا ہے۔ عالمی استعمار آج بھی مرجیعت سے سخت خوفزدہ ہے۔اسے مراجع عظام کی موجودگی میں اپنی دال گلتی نظر نہیں آتی۔ اس لیے عالم اسلام کے جرات مند رہنماؤں کے خلاف مختلف طریقوں سے پروپیگنڈے کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی اور مرجعیت کا بغور مطالعہ قوم کے ہر فرد کے لیے ضروری ہے تاکہ دین کے باوقار اور منظم اصولوں سے آگہی حاصل ہو۔