وحدت نیوز(اسلام آباد)مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین علامہ سید احمد اقبال کا پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار ، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں 60 روپے تک اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔امپورٹڈ ایجنڈے پر کام کرنے والی امپورٹڈ حکومت کو عوامی مفاد سے کوئی دلچسپی نہیں۔ہر روز عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں صبح شام کے لحاظ سے اضافہ ہو رہا ہے۔ایک ہی دن میں بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔مہنگائی غربت و افلاس کے سبب غریب عوام آج دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔
انہوںنے مزید کہا کہ مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کرنے والوں نے عوام کو آئی ایم ایف کے خونخوار پنچوں میں دے دیا ہے ۔آئی ایم ایف انسان دشمن اور عوام دشمن سامراجی ادارہ ہے ۔آئی ایم ایف ملکوں کی معیشت درست کرنے کی بجائے ملکوں کی معیشت کی بربادی کا سبب ہے۔ اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو سستا آٹا دینےکے شوشے چھوڑنے والے اپنے اور زرداری کے بیروں ملک اثاثے واپس لا کر عوام کو ریلیف دیں۔