وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے زیر اہتمام فکر امام خمینی ؒ سیمینار کا انعقاد گلستان سوسائٹی میں کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آج آزادی کی تحریک جاری ہے، سامراج نے انسانیت کے خاتمے کیلئے جرائم کئے، استعماری طاقتوں نے مسلم امہ کو ہمیشہ نقصان پہنچایا، ملک خداداد پاکستان برے حالات سے گزر رہا ہے، شہید قائد علامہ عارف حسن الحسینی نے ملک میں وحدت کا پرچار کیا، مجلس وحدت مسلمین نے اپنے قائد عارف حسین الحسینی کے نظریئے کو آگے بڑھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی استکباری قوتوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے امام خمینی کے جرات مندانہ طرز عمل کو مشعل راہ بنانا ہوگا، امام خمینی کی ذات سامراج و اسلام دشمن عزائم کے خلاف مضبوط ڈھال تھی، ملکی حکمران ایٹمی اسلامی جمہوری طاقت ہونے کے باوجود امریکہ سے ڈرتے ہیں، اقتدار کی رسہ کشی میں ملکی عوام بدحال ہورہی ہے، پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے، پایہ تخت اس وقت اسلام آ باد میں نہیں واشنگٹن میں ہے، ہم پر استعماری فیصلے مسلط ہو رہے ہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے مغربی غلام سرگرم ہیں، ہم اس عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، استعمار اور اس کے حواری اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ہر محب وطن پر فرض ہے کہ وہ آزادی کی حفاظت کے لئے قوم کے اندر شعور پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، غلامی کی زنجیروں کو نہ توڑا گیا تو ملک ناقابل برداشت نقصان سے دوچار ہوگا۔
علامہ احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ ہمیں تقسیم کرکے امریکہ اور اس کے حواری ملک کی سا لمیت کی خلاف وار کرنے کی مکمل تیاری میں مصروف ہیں، اتحاد بین المسلمین ہی استعماری سازشوں سے مقابلے کا اصل ہتھیار ہے۔