وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی کو عزاداری سیل کا مرکزی کنوینئرمقرر کر دیا ہے۔ جس کا باضابطہ اعلان ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی مرکزی کابینہ اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی کنوینئرعزاداری سیل علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہماری شہ رگ حیات ہے اور یہ ہر دور کے یزید کے خلاف اہل حق کا احتجاج ہے۔ اسی لئے ہر دور کا یزید ذکر حسین علیہ السلام اور عزاداری سے خائف رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کسی مسلک کے خلاف نہیں، بلکہ تمام اہل سنت ہمارے بھائی اور ہمارے سر کا تاج ہیں۔ ہماری جنگ یزید اور یزیدیوں سے ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء عظیم عبادت اور ہمارا بنیادی حق ہے۔ عزاداری پر پابندی اور عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج شرمناک عمل ہے۔ جس کی نہ فقط ہم مخالفت کرینگے بلکہ مزاحمت کریں۔ وطن عزیز پاکستان کی بقاء اور اس قوم کی عزت و سربلندی ذکر حسین علیہ السلام میں مضمر ہے۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں گذشتہ سال عزاداروں کے خلاف سینکڑوں ایف آئی آرز درج کرکے آئین شکنی کی گئی۔ اس مجرمانہ رویے کو اس سال دہرانے سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے ذاکر اہل بیت ذریت عمران شیرازی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علماء و ذاکرین کے خلاف مقدمات اور گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں۔ حکومت ملت جعفریہ اور عزاداری کے خلاف اقدامات سے اجتناب کرے۔