وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دے گی، ایم ڈبلیو ایم کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ بطور پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت، ایم ڈبلیو ایم صوبے بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کروائے گی۔
مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید اسد عباس نقوی، سینیئر نائب صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی و دیگر رہنماوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں میاں محمودالرشید اور شیخ امتیاز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کی جڑ امریکی غلامی ہے، پاکستان میں اگر دہشتگردی ہے، مہنگائی ہے، بے روز گاری ہے، یا دیگر مسائل، ان تمام کی جڑ امریکہ ہے۔ اس بنیاد پر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو امریکی غلامی سے نجات دلائی جائے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے پی ٹی آٗئی کے سربراہ عمران خان کیساتھ اس حوالے سے ایک معاہدہ بھی سائن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی غلامی سے نجات کی جدوجہد میں مجلس وحدت تحریک انصاف کے شانہ بشانہ رہے گی، مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں، رکشہ چلانے والے اپنے رکشوں کو آگ لگا رہے ہیں، مزدور دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے، گھر چلانا مشکل ہو چکا ہے اور اس ساری صورتحال کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، ہمیں یہ امپورٹڈ حکومت منظور نہیں، ہم اس امپورٹڈ حکومت سے نجات کیلئے عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں، آج بجلی مہنگی ہے، گیس میسر نہیں، پیٹرول ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، ایسی حالت میں عام آدمی کیسے اپنی گھر چلا سکتا ہے، یہ امپورٹڈ حکومت عوام کی بجائے امریکہ اور آئی ایم ایف کے فائدہ کو سوچتی اور دیکھتی ہے، بار بار موجودہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ انہیں مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں، یہ کیوں مشکل فیصلے کر رہے ہیں، انہیں کس نے کہا ہے، یقیناً اس کا جواب ہے کہ انہیں امریکہ نے کہا ہے، انہیں آئی ایم ایف نے کہا ہے اور یہ انہی کے ایما پر ہماری گردنوں پر مسلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کا بازار گرم ہے، ٹیکسوں پر ٹیکس عائد کئے جا رہے ہیں، سپر ٹیکس لگا کر ملک میں سپر مہنگائی لے آئے ہیں۔ ان کے بچے تو ایئر کنڈیشن کمروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں، بچے تو ایک طرف ان کے کتے اور گھوڑے بھی اے سی رہتے ہیں جبکہ عوام لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں، عمران خان کے دور میں تو لوڈشیڈنگ نہیں تھی، یہ ان کے اقتدار میں آنے سے اچانک لوڈشیڈنگ کہاں سے آگئی؟؟ ظاہر ہے کوئی نہ کوئی گڑ بڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے فرزند نے سولر پینلز کا معاہدہ کیا ہے، اب یہ حکومت ترکی سے سولر پینل منگوائے گی اور بھاری زرمبادلہ ترکی جائے گی۔ یوں ان کے کرپشن کرنے کے بھی نرالے انداز ہیں۔ عوام بے وقوف نہیں، اب عوام سب جانتے ہیں۔ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی حمایت کریں اور امپورٹڈ حکومت سے ملک و قوم کو نجات دلائیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ انتہائی شکر گزار ہیں مجلس وحدت مسلمین کا مجلس وحدت مسلمین نے ضمنی انتخابات کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ یہ انتخاب میک اور بریک ہے، یہ صرف پنجاب کا الیکشن نہیں ہے، بہت اہم الیکشن ہے ملک کیلئے عمران خان کا بیانیہ ہر پاکستانی سمجھ چکا ہے. پاکستانی عوام عمران خان کی ایک کال پر مر مٹنے کو تیار ہیں، مجلس وحدت مسلمین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ضمنی انتخابات کیلئے ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بینرز شہر میں پی ایچ اے اور ٹی ایم او کے ملازمین اتار رہے ہیں، اپنی شکست کے خوف سے یہ بوکھلا چکے ہیں، پریس کانفرنس میں سید حسین زیدی، سیٹھ عدنان، نجم خان، شیخ عمران، شیخ امتیاز اور دیگر قائدین موجود تھے۔