وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے عیدالاضحی کے پُرمسرت پر موقع تمام فرزندانِ توحید کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان کے فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، عید قربان پیغام دیتی ہے کہ دین کیلئے اپنا سب کچھ قربان کیا جا سکتا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ ہمیں تسلیم و رضا کا درس دیتی ہے، ہمیں ایثار و قربانی پر برانگیختہ کرتی ہے اور یہ باور کرواتی ہے کہ اپنے مسلمان غرباء و مساکین بھائیوں کو مت بھول جانا جو بھوک و افلاس کی زندگی بسر کر رہے ہیں، اللہ کریم نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ان غرباء و مساکین کا خیال کرکے اللہ کا قرب حاصل کر سکیں اور اپنے لیے سامان نجات جمع کر سکیں اور یہ عمل سارا سال جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ دین کی حرمت کیلئے امام حسینؑ نے میدان کربلا میں اپنی اور اپنے اہلخانہ و اصحاب کو اسلام کی بقاء کیلئے قربان کر دیا جبکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بھی اپنے سب سے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی پر آمادگی دکھائی جس پر اللہ کریم نے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جان بچا لی اور حضرت ابراہیم علیہ السلام اللہ کی بارگاہ میں کامیاب قرار پائے۔