وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی تنظیم سازی کونسل کا پہلا اجلاس مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی سیکریٹری سیاسیات سید اسد نقوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیم سازی کونسل کے اراکین اور صوبائی ذمہ داران شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ شعبہ تنظیم سازی مجلس وحدت مسلمین میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس پر تنظیمی نظم کے ساتھ ساتھ کارکنوں کی تنظیمی تربیت کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ایک الہی جماعت کو اپنے کارکنوں کی تعلیم و تربیت کو سرفہرست رکھنا چاہیے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شعبہ تنظیم سازی اپنے سالانہ پروگرام پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ یونٹس کی فعالیت کو پہلی ترجیح سمجھتا ہے۔ مسجد محور یونٹس کے ذریعے یونٹ سطح پر کارکنوں میں نماز باجماعت درس قرآن دعائے کمیل اور دعا و مناجات کے ماحول میں کارکنوں کی تربیت ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے بعد شعبہ تنظیم کے حوالے سے صوبہ گلگت بلتستان صوبہ خیبر پختونخوا اور صوبہ بلوچستان کے دورہ جات ہوں گے۔اس موقع پر تنظیم سازی کونسل کے رکن برادر زکی عابدی ،کے پی کے کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری، پنجاب کے صوبائی مسؤل ملک اقرار حسین و دیگر نے تنظیمی فعالیت پر گفتگو کی۔ اس موقع پر جناب محمد علی عزیزی نے یونٹ کی فعالیت اور اجتماعی و فلاحی خدمات میں یونٹ کے کردار پر روشنی ڈالی۔