وحدت نیوز(کوہاٹ)جامعہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے زیراہتمام 34ویں برسی شہید قائد اور محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے ’’استقبال محرم الحرم کانفرنس‘‘ کا انعقاد قومی مرکز کچہ پکہ کوہاٹ میں کیا گیا۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کو دو نشستوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
کانفرنس سے جامعہ العسکریہ ہنگو کے مہتمم علامہ خورشید انور جوادی، علامہ سید قانون حسین، علامہ سید شجاع حسین الحسینی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء علامہ سید وحید عباس کاظمی، آغا سید اعوان علی شاہ، علامہ نذیر حسین مطہری، علامہ عابد حسین شاکری اور دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، کانفرنس سے مرکزی خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چئیرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ پاکستان کی سرزمین پر مظلوموں اور محرموں کے مسیحا تھے۔انہوں نے کراچی سےخیبر تک شیعیان حیدر کرارؑ کو منظم کیا، قوم کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے آمادہ وتیار کیا، پاکستان کی عملی سیاست میں ملت تشیع کے اہم اور نناقابل فراموش نقش و رول کو واضح کیا، ہم شہید قائد ؒ کی آرزؤوں اور ارمانوں کی تکمیل کیلئے کوشاںہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست شفیق ماں کا کردار ادا کرے، ایک مخصوص ٹولے کو نوازنے اور عزادارانِ سید الشہداءؑ کو دیوار سے لگانے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔ عزاداری سید الشہداءؑ کی راہ میں کسی بھی قسم کی ریاستی یا ادارہ جاتی رکاوٹ کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ حکمران اب تک عزاداروں پر کاٹی گئی تمام ایف آئی آرز فوری واپس لینے کا اعلان کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ہونے والے عزاداری کے اجتماعات کا تحفظ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے ۔ انتظامیہ عزاداروں کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائے۔