وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےیوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے ظالمانہ اور غیرانسانی ہتھکنڈوں کے خلاف آج دنیا بھر میں نفرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ کشمیریوں کے عزم آزادی کو کچلنے کے لیے بھارت میں ریاستی اداروں کا کردار ہمیشہ مجرمانہ رہا ہے۔ خطہ کشمیر کو عقوبت خانے میں تبدیل کر کے کشمیری عوام کی آزادی کی خواہش کو دبایا نہیں جا سکتا۔مقبوضہ کشمیرکے غیور اور آزادی پسند عوام اپنے حقوق کے لیے جس جذبے اور حوصلے کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہیں وہ لائق ستائش ہے۔کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہوں۔پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔